Pakistan
امریکی ویزا بونڈ پروگرام: پاکستان استثنا حاصل کرنے میں کامیاب
امریکہ نے اپنے نئے ویزا بونڈ پروگرام کو مستقل کرتے ہوئے پچاس ممالک کے شہریوں کے لیے بیس ہزار ڈالر تک کی ضمانتی رقم لازمی قرار دی ہے۔ تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اس فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں کیا گیا ہے۔
واشنگٹن نے اپنے نئے متنازعہ ویزا بونڈ پروگرام کو مستقل کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت مختلف ممالک کے شہریوں کو امریکہ کا وزٹر ویزا حاصل کرنے کے لیے بیس ہزار ڈالر تک کی قابلِ واپسی ضمانتی رقم جمع کرانا ہوگی۔ امریکی فیڈرل رجسٹر میں شائع ہونے والی فہرست کے مطابق پچاس ممالک کو اس پروگرام کے دائرہ کار میں لایا گیا ہے، جن میں افریقہ، ایشیا، کیریبین اور بحر الکاہل کے خطے شامل ہیں۔ تاہم سفارتی ذرائع اور سرکاری فہرست سے تصدیق ہوتی ہے کہ پاکستان اس نئی فہرست میں شامل نہیں ہے اور پاکستانی شہریوں کو اس بونڈ کی پابندی کا سامنا نہیں کرنا ہوگا۔ جنوبی ایشیا کے تناظر میں بنگلہ دیش اور نیپال اس پروگرام کے تحت آتے ہیں جبکہ بھارت بھی اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔ دوسری جانب افغانستان اور ایران کو اس لیے شامل نہیں کیا گیا کیونکہ امریکہ کے ان ممالک کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ سن 2025 کے پائلٹ پروگرام کے جائزے کے بعد کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک میں ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر مقیم رہنے والے افراد کی شرح میں کمی لانا ہے۔ محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پائلٹ پروگرام کے دوران ان ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے ویزے کی میعاد ختم ہونے کے بعد رکنے کے رجحان میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد اس عارضی اقدام کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نئے قوانین کے تحت امریکی قونصلر افسران کسی بھی متعلقہ ملک کے بی ون کاروباری اور بی ٹو سیاحتی ویزا کے درخواست گزار کو ویزا جاری کرنے سے پہلے دس ہزار سے بیس ہزار ڈالر تک کا ریفنڈ ایبل بونڈ جمع کرانے کا کہہ سکتے ہیں۔ تاہم یہ شرط تمام مسابقتی یا عام درخواست گزاروں پر خود بخود لاگو نہیں ہوگی بلکہ امریکی قونصلر افسران کیس کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے۔ اگر مسافر ویزا کی تمام شرائط پر پورا اترتا ہے اور مجاز مدت پوری ہونے سے پہلے امریکہ سے واپس چلا جاتا ہے تو بونڈ کی رقم واپس کر دی جائے گی۔ ویزا قوانین کی خلاف ورزی یا مقررہ مدت سے زیادہ قیام کرنے کی صورت میں ضمانتی رقم ضبط کی جا سکتی ہے۔