Politics
محسن نقوی کا بیان اور پاکستان کا سیاسی منظر نامہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے معاشی کانفرنس میں دیے گئے ایک سخت بیان نے ملک کے سیاسی منظر نامے میں ہلچل مچا دی ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومتی کارکردگی اور انتظامی نظام پر کھل کر تنقید کی ہے، جس پر اب سیاسی حلقوں میں ردعمل کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
اسلام آباد میں کاروباری شخصیات کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر جو کلمہ حق کہا، اس نے نہ صرف روایتی سیاست میں بھونچال پیدا کر دیا بلکہ حکومت کے ناقدین کے ان خدشات کی بھی تائید کر دی جو طویل عرصے سے عوام کی تکلیفوں اور حکومتی ناکامیوں کے حوالے سے ظاہر کیے جا رہے تھے۔ وزیر داخلہ نے اپنے خطاب میں اس تلخ حقیقت کا اعتراف کیا کہ موجودہ نظام عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف کی طویل محنت کے باوجود حالاتریلیف کے لحاظ سے تسلی بخش نہیں۔ انہوں نے انتظامی ڈھانچے کی کمزوریوں اور نظام کی خرابیوں پر کھل کر بات کی، جس سے حکومتی صفوں میں ایک خاموشی چھا گئی۔
محسن نقوی نے اس موقع پر تجویز پیش کی کہ ملک میں بہتر گورننس اور عوام کی دہلیز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف چند ہزار روپے کی مالی امداد یا لیپ ٹاپ کی تقسیم سے عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے، بلکہ اس کے لیے بنیادی ڈھانچے میں گہری تبدیلیاں لانا ہوں گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگلے ہی روز ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی اس تجویز کی حمایت سامنے آئی، جس نے اس بحث کو مزید تقویت بخشی کہ ملکی نظام میں بڑی انتظامی اور آئینی ترامیم کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔
اس بیان کے بعد حکومتی اتحاد کی بڑی جماعتوں، خصوصاً مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی طرف سے ردعمل آنے میں کچھ وقت لگا۔ ابتدائی طور پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے خاموشی اختیار کی گئی، تاہم بعد میں کچھ بیانات ضرور سامنے آئے جن میں اس تنقید کو رد کرنے کی کوشش کی گئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، وزیر داخلہ کا یہ بیان اور اس پر اداروں کی ہم آہنگی اس بات کا اشارہ ہے کہ آنے والے دنوں میں پارلیمنٹ کے اندر کوئی بڑی آئینی ترمیم یا انتظامی ری آرگنائزیشن دیکھنے کو مل سکتی ہے، جس میں این ایف سی ایوارڈ اور صوبائی خود مختاری کے حوالے سے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔