Pakistan
فیروزوالہ سیلاب میں مگرمچھ کی موجودگی، وائلڈ لائف کا کامیاب ریسکیو آپریشن
وائلڈ لائف رینجرز نے فیروزوالہ کے قریب سیلاب سے متاثرہ علاقے سے ایک مگرمچھ کو بحفاظت ریسکیو کرکے فیصل آباد منتقل کر دیا ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی خطرناک جانور کی موجودگی پر فوری ہیلپ لائن 1107 پر رابطہ کریں۔
لاہور: محکمہ وائلڈ لائف کے رینجرز نے فیروزوالہ تحصیل کے علاقے کوٹ عبدالمالک کے قریب مسن کلر کے سیلاب زدہ علاقے سے ایک مگرمچھ کو کامیابی کے ساتھ ریسکیو کر لیا ہے۔ اس خطرناک جانور کو بعد ازاں فیصل آباد کے گیٹ والا وائلڈ لائف بریڈنگ سینٹر میں بحفاظت منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا طبی معائنہ اور خصوصی دیکھ بھال کی جائے گی۔ حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر مسن کلر کے سیلاب سے متاثرہ علاقے میں مگرمچھ کی موجودگی کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد وائلڈ لائف حکام نے فوری نوٹس لیا۔ سنٹرل زون کے ایڈیشنل چیف وائلڈ لائف رینجر مدثر حسن نے لاہور کے ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سخی محمد جوئیہ کو علاقے میں مسلسل نگرانی کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں جس کے بعد فوری طور پر ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ وائلڈ لائف رینجرز کی ٹیموں نے علاقے میں انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں مسلسل نگرانی کی، مگرمچھ کے قدموں کے نشانات اور موجودگی کا سراغ لگایا اور آخرکار اسے بحفاظت قابو کر کے ریسکیو کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ حکام کا ماننا ہے کہ یہ مگرمچھ حالیہ سیلابی ریلوں کے پانی کے ساتھ بہہ کر اس آبادی والے علاقے تک پہنچ گیا تھا۔ اس کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد علاقے کے مکینوں نے سکھ کا سانس لیا ہے اور محکمہ وائلڈ لائف کے عملے کی بروقت کارروائی کو بے حد سراہا ہے۔ مقامی لوگوں میں مگرمچھ کی موجودگی کی وجہ سے شدید خوف و ہراس پایا جا رہا تھا جو اب ختم ہو چکا ہے۔ دوسری جانب محکمہ وائلڈ لائف کے اعلیٰ حکام نے عوام کے لیے ایک اہم ایڈوائزری بھی جاری کی ہے جس میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ مستقبل میں اگر کہیں بھی اس قسم کا کوئی جنگلی جانور دکھائی دے تو خود اسے پکڑنے کی کوشش ہرگز نہ کریں بلکہ فوری طور پر محکمہ کی مخصوص ہیلپ لائن 1107 پر اطلاع دیں تاکہ ماہر عملہ بروقت کارروائی کر کے قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنا سکے۔