LIVE
Loading Breaking News...

کراچی میں جلوس چہلم سخت سیکیورٹی میں پرامن طور پر اختتام پذیر

News Image
کراچی میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کا مرکزی جلوس سخت سیکیورٹی حصار میں پرامن طور پر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہو گیا۔ اس موقع پر شہر بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل اور خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا گیا تھا۔
کراچی میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا۔ شہر بھر میں جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جلوس کی مانیٹرنگ جدید کیمروں اور فضائی نگرانی کے ذریعے بھی کی جاتی رہی۔ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایت پر کراچی سمیت کچھ دیگر شہروں میں بھی حساس علاقوں میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رکھی گئی۔ اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کی جانب سے پہلے ہی ایک جامع ٹریفک پلان جاری کیا گیا تھا جس کے تحت متبادل راستوں کا تعین کیا گیا تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور جلوس کے شرکاء کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ جلوس کے دوران تمام شرکاء نے روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ اپنے معمول کے مطابق مجالس اور جلوسوں میں شرکت کی۔ سندھ کے مختلف شہروں میں بھی شہدائے کربلا کی یاد میں مجالس کا انعقاد کیا گیا اور ماتمی جلوس نکالے گئے۔ پولیس، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار جلوس کے ساتھ ساتھ اور اس کے اطراف میں تعینات رہے جن کی مشترکہ کوششوں سے یہ مذہبی اجتماع بحخیر و عافیت اختتام کو پہنچا۔