Pakistan
کوئٹہ میں ریڈ زون کی بندش اور ٹریفک کا بحران
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ کے ریڈ زون کی اہم شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جس سے پورے شہر میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا۔ شدید گرمی اور ٹریفک کے اس ہجوم میں شہریوں، طلبا اور مریضوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
کوئٹہ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ اور مختلف حفاظتی اقدامات کے باعث ریڈ زون سے ملحقہ اہم شاہراہوں کو ٹرکوں اور کنٹینرز کے ذریعے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اس اچانک بندش کے نتیجے میں شہر بھر میں ٹریفک کا شدید دباؤ دیکھنے میں آیا، اور مرکزی شاہراہوں سمیت مختلف سڑکوں پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ مسافروں اور گاڑیوں کے مالکان کو گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہنا پڑا، جس سے نظامِ زندگی عارضی طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا۔
اس صورتحال کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ کے دوران سرکاری و نجی ملازمین، اسکول اور کالج جانے والے طلبہ، ہسپتال جانے والے مریضوں اور عام شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ریڈ زون کی بندش کے بعد جب شہریوں نے مجبوراًا متبادل راستوں کا رخ کیا تو وہاں بھی غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جس کی وجہ سے شہر کے بیشتر حصوں میں آمد و رفت کا نظام شدید حد تک متاثر ہوا۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے راستوں کی بحالی کی کوششیں کی گئیں مگر دباؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے عوام کو ریلیف ملنے میں کافی تاخیر ہوئی۔
شہری حلقوں اور سول سوسائٹی نے اس صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی کے انتظامات ایسے پائیدار اور موثر انداز میں کیے جائیں جن سے دہشت گردی کے خطرات سے بھی نمٹا جا سکے اور ساتھ ہی عوام کی روزمرہ زندگی، تعلیمی سرگرمیوں، تجارتی امور اور طبی سہولیات تک رسائی بھی کم سے کم متاثر ہو۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اس طرح اچانک سڑکیں بند کرنے سے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا ہے اور اس مسئلے کا مستقل اور عوام دوست حل نکالا جانا چاہیے۔