LIVE
Loading Breaking News...

پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان

News Image
وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول 4 روپے 45 پیسے مہگا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے فی لیٹر سستا کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق جمعرات سے ہو گا جبکہ پٹرولیم ڈویژن نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
وفاقی حکومت نے بین الاقوامی منڈی کے حالات اور مقامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ بدھ کے روز سامنے آنے والے سرکاری اعلان کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 333 روپے 01 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کے صارفین کو کچھ ریلیف دیتے ہوئے اس کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل 383 روپے 86 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ان نئی قیمتوں کا اطلاق جمعرات سے کر دیا گیا ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول پر عائد ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی شرح تاحال 110 روپے فی لیٹر برقرار ہے جبکہ ڈیزل پر یہ شرح 96 روپے فی لیٹر ہے۔ یاد رہے کہ عالمی منڈی بالخصوص مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور ایران امریکہ کشمکش کے بعد سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ماضی میں بلند ترین سطح تک بھی پہنچ چکی تھیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس ردوبدل کا براہ راست اثر عام آدمی اور متوسط طبقے پر پڑتا ہے۔ پیٹرول بنیادی طور پر ذاتی سواریوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں میں استعمال ہوتا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کا استعمال ہیوی ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں اور پاور پلانٹس میں کیا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی سے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو کچھ حد تک سہارا ملے گا تاہم پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں روزمرہ کے سفر اور مہنگائی کے تناظر میں نچلے اور متوسط طبقے کے لیے اضافی بوجھ کا باعث بن رہی ہیں۔ دریں اثنا، پٹرولیم مصنوعات کی روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں مقرر کرنے کے حکومتی فیصلے پر آل پاکستان ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا ہے اور ڈیلرز کی جانب سے احتجاجی لائحہ عمل پر غور کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔