LIVE
Loading Breaking News...

وزیراعظم شہباز شریف کا تین روزہ دورہ سعودی عرب، آرمی چیف بھی ہمراہ

News Image
وزیر اعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر تین روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت بھی موجود ہے جو دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کرے گی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف جمعرات کے روز تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو یہ دورہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہبزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر انجام دیا جا رہا ہے۔ اس دورے کے دوران وزیر اعظم کے ہمراہ چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف سمیت اہم وفاقی وزراء بھی موجود ہیں جن میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، جو پہلے ہی اردن کا دورہ مکمل کرنے کے بعد سعودی عرب میں موجود ہیں، بھی اس اعلیٰ سطحی وفد کا حصہ بنیں گے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق اس اہم دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اسٹریٹجک تعاون گہرا کرنے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں اس دورے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط باہمی اعتماد، تعاون اور دیرینہ شراکت داری کا مظہر ہے جو کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سعودی عرب کے اس دورے میں وزیر اعظم شہباز شریف روضہ رسول پر حاضری دیں گے اور مسجد نبوی میں نوافل ادا کریں گے، جبکہ وہ اس دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔ خطے میں جاری کشیدگی اور خلیجی امور کے تناظر میں تجزیہ کار اس دورے کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں کیونکہ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک نے دفاعی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی تعاون کا معاہدہ بھی طے پایا تھا جو خطے میں امن و امان اور باہمی سلامتی کے لیے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔