Pakistan
پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق
وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے امریکی ناظم الامور نتالی اے بیکر نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور نتالی اے بیکر نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور معاشی استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں باضابطہ روابط کو مسلسل فروغ دیا جا رہا ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان قانون سازی، عدلیہ کے امور اور انسانی حقوق کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ امریکی ناظم الامور نتالی اے بیکر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا اور خلیجی تنازعہ کے حوالے سے ملک کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے باہمی رابطے جاری رکھنے اور مختلف سطحوں پر وفود کے تبادلے کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔