LIVE
Loading Breaking News...

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب اور اہم ملاقاتیں

News Image
وزیراعظم محمد شہباز شریف عسکری اور وفاقی وزراء کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ دورے کے دوران وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے اور عمرہ کی ادائیگی بھی کریں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف جمعرات کی شام ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ جده ایئرپورٹ پہنچنے پر مکہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، سعودی وزیر زراعت، پانی اور ماحول انجینئر عبدالرحمن اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ اس دورے میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، جو پہلے ہی ارد کا دورہ مکمل کرنے کے بعد سعودی عرب میں موجود ہیں، اس وفد کا حصہ بنیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے اس دورے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، سٹریٹجک تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان طویل المدتی شراکت داری اور دہائیوں پر محیط باہمی اعتماد، تعاون اور بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے۔ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اس دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اپنے اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف مکہ مکرمہ میں عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے اور مدینہ منورہ میں روضہ رسول پر حاضری دیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم نے رواں سال اپریل میں بھی سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے مملکت کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی اور معاشی شعبوں میں گہرا تعاون پایا جاتا ہے اور دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔