LIVE
Loading Breaking News...

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، دوطرفہ امور پر گفتگو

News Image
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف نے مکہ مکرمہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی ہے۔ اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران مکہ مکرمہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں پاکستان کے عسکری اور سیاسی قیادت کی اہم شخصیات بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ موجود تھیں، جن میں آرمی چیف سمیت دیگر اعلیٰ وزراء شامل ہیں۔ یہ دورہ ایسے وقت میں انجام پا رہا ہے جب خطے میں کشیدگی کی فضا موجود ہے، تاہم دفترِ خارجہ کے مطابق اس دورے کی اہمیت فوری بحرانوں اور قلیل المدتی امور سے کہیں زیادہ گہری ہے۔ وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، الصفا محل مکہ مکرمہ پہنچنے پر سعودی ولی عہد نے پاکستانی وفد کا پُرتپاک استقبال کیا۔ دوطرفہ ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تزویراتی تعاون گہرا کرنے اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ دفاع خواجہ آصف بھی پاکستانی وفد کا حصہ تھے، جنہوں نے متعلقہ اموار پر سعودی قیادت کے ساتھ بات چیت میں حصہ ڈالا۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط باہمی اعتماد، تعاون اور بھائی چارے کے رشتوں کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوںممالک کے مابین اس اعلیٰ سطح کے رابطے سے نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو نئی جلا ملے گی بلکہ کثیرالجہتی تعاون میں بھی اضافہ ہوگا۔ ملاقات کا بنیادی محور خطے میں امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی امور پر ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ دریں اثناء، ترک میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد سے ملاقات متوقع ہے۔ ترک صدر جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد سڑک کے راستے مکہ مکرمہ روانہ ہوئے۔ تینوں برادر اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے درمیان یہ رابطے خطے میں سفارتی سطح پر انتہائی اہمیت کے حامل سمجھے جا رہے ہیں۔