LIVE
Loading Breaking News...

چین میں طوفان ڈولفن: پروازیں منسوخ، ہنگامی الرٹ جاری

News Image
چین کے مشرقی ساحل کی طرف بڑھنے والے طاقتور سمندری طوفان ڈولفن کے باعث سولہ سو سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ طوفان کے پیش نظر ساحلی علاقوں سے مکینوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔
چین کے مشرقی ساحل کی طرف بڑھنے والے انتہائی خطرناک سمندری طوفان ڈولفن کے خطرے کے پیش نظر ملک بھر میں ہنگامی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ طوفان کی شدت میں مسلسل اضافے کے بعد حکام نے ساحلی علاقوں سے آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ طوفان کے دوران چلنے والی تیز ہواؤں کی رفتار رات کے وقت ایک سو باسٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے انتظامیہ کو مزید الرٹ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات اور ایوی ایشن حکام کے مطابق طوفان کے باعث پیدا ہونے والی خطرناک صورتحال کے پیش نظر سولہ سو سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جس سے ہزاروں مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں تمام تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور تفریحی مقامات فی الحال بند رکھے گئے ہیں جبکہ سمندر میں جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گھروں کے اندر ہی رہیں۔ طوفان کے گزرنے تک ساحلی علاقوں کے قریب ریڈ الرٹ نافذ رہے گا اور مقامی انتظامیہ مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے زمین سے ٹکرانے کے دوران شدید بارشیں اور طوفانی لہریں اٹھنے کا خدشہ ہے، جس سے نش نشین علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔