LIVE
Loading Breaking News...

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 15 دہشت گرد ہلاک

News Image
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 15 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کے دوران کم از کم 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ کارروائیاں آپریشن رد الفتنہ کے تحت صوبے کے متعدد اضلاع میں عمل میں لائی گئیں۔ سرکاری میڈیا کے مطابق یہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کا سلسلہ مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں انجام دیا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور ممنوعہ مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ریاستی میڈیا کے مطابق انٹیلی جنس پر مبنی ان کارروائیوں سے خوارج کا نیٹ ورک شدید متاثر ہوا ہے اور ان کی نقل و حرکت کو انتہائی حد تک محدود کر دیا گیا ہے۔ حکام کا عزم ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس طرح کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ صوبے میں امن و امان کی فضا بحال کی جا سکے۔ واضح رہے کہ حالیہ کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب بلوچستان میں سکیورٹی کے حوالے سے چیلنجز شدت اختیار کیے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز (PICSS) کی ماہانہ سکیورٹی رپورٹ میں بھی صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران صوبے میں مجموعی اموات اور سکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا گیا تھا، جس کے بعد عسکری اور سول قیادت نے دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین فیصلے کیے ہیں۔ حکومت اور عکیری قیادت کی جانب سے پہلے ہی یہ واضح کیا جا چکا ہے کہ ملک بالخصوص بلوچستان سے دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیر اعظم سمیت اعلیٰ عسکری حکام اس بات کا اعادہ کر چکے ہیں کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز کی حالیہ کارروائیاں اسی عزم کا عملی مظہر ہیں جن سے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانے میں مدد مل رہی ہے۔