Pakistan
شرجیل میمن کا میر رضا علی قتل کیس میں پروپیگنڈے کیخلاف NCCIA سے رجوع
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے سوشل میڈیا پر اپنے اور بیٹے کے خلاف چلائی جانے والی مبینہ منفی مہم کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے میر رضا علی کے قتل کیس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے اور اپنے بیٹے کے خلاف مبینہ طور پر چلائی جانے والی بدترین اور جھوٹی مہم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کو باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے جس میں اس تمام منفی پروپیگنڈے کی غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بعض عناصر سیاسی دشمنی کی وجہ سے جان بوجھ کر ان کے خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں ایک سنگین نوعیت کے قتل کیس کے ساتھ جوڑنے کی گھناؤنی سازش کی جا رہی ہے۔ شرجیل میمن کے وکلاء اور ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی یہ تمام خبریں سراسر بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں جن کا مقصد عوام میں گمراہ کن تاثر پیدا کرنا ہے۔
این سی سی آئی اے کے حکام کو دی گئی درخواست میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ان تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پیجز کا سراغ لگایا جائے جنہوں نے بلاجواز اور کسی ثبوت کے بغیر اس مہم میں حصہ لیا۔ وزیر موصوف کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے اور اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس قسم کی گمراہ کن خبروں پر یقین نہ کریں۔