Sports
فیفا صدر جیانی انفینٹیو کے خلاف تین بڑی فٹبال فیڈریشنز کا محاذ
یورپی، ایشیائی اور شمالی و وسطی امریکہ کی فٹبال فیڈریشنز نے ایک مشترکہ خط میں فیفا صدر جیانی انفینٹیو کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ فیڈریشنز کا کہنا ہے کہ فٹبال کسی فرد واحد کی جاگیر نہیں اور اعتماد کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔
فیفا کے صدر جیانی انفینٹیو کو ایک بار پھر اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب تین اہم فٹبال کنفیڈریشنز نے ایک مشترکہ خط جاری کیا۔ اس خط میں واضح کیا گیا کہ فٹبال کسی فرد واحد کی ملکیت نہیں ہے۔ یورپی فٹبال کے نگراں ادارے یوئیفا، شمالی و وسطی امریکہ اور کیریبین کی فیڈریشن کونکاکاف اور ایشیائی فٹبال کنفیڈریشن اے ایف سی نے یہ سخت مؤقف اس وقت اپنایا جب جیانی انفینٹیو کی جانب سے فیفا مقابلوں بالخصوص ورلڈ کپ میں نجی سرمایہ کاری لانے کا متنازعہ منصوبہ سامنے آیا تھا جسے شدید مخالفت کے بعد واپس لینا پڑا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ فٹبال میں قیادت کوئی ذاتی ملکیت یا طاقت کے حصول کا نام نہیں ہے۔ جب دھوکہ دہی کے ذریعے اعتماد ٹوٹتا ہے اور کوئی فرد اپنے آپ کو اس اجتماعی ادارے سے بالاتر سمجھتا ہے جس نے اسے اختیار سونپا تھا، تو یہ اپنے فرض سے غفلت کے مترادف ہے۔ اگرچہ فیفا نے اس تنازع کے بعد اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے صدر اور ادارے کو کمزور کرنے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے، لیکن تینوں کنفیڈریشنز کے اس تازہ خط سے ظاہر ہوتا ہے کہ ناقدین کا غصہ ابھی ٹھنڈا نہیں ہوا۔ یوئیفا کی جانب سے ورلڈ کپ کے بائیکاٹ کی دھمکی نے اس معاملے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا تھا جس کے بعد انفینٹیو کو اپنا منصوبہ واپس لینا پڑا۔ کنفیڈریشنز نے اپنے خط میں اس بات پر بھی زور دیا کہ حالیہ برسوں میں فٹبال کی جو ترقی ہوئی ہے وہ کسی ایک فرد کا کارنامہ نہیں ہے، بلکہ یہ فیفا، تمام کنفیڈریشنز، ممبر ایسوسی ایشنز اور اس کھیل سے وابستہ ہزاروں افراد کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفینٹیو کی قیادت میں احتساب کے فقدان اور شفافیت کی کمی نے سنگین سوالات کو جنم دیا ہے، اور اسی لیے وہ اس کھیل کے مفاد میں آواز اٹھانے پر مجبور ہوئے ہیں۔