World
کولمبیا میں 7.4 شدت کا طاقتور زلزلہ، عمارتیں تباہ اور انخلا جاری
کولمبیا کے مغربی حصوں میں 7.4 شدت کے طاقتور زلزلے نے شدید تباہی مچائی ہے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں۔ زلزلے کے بعد لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور فوری طور پر بڑے پیمانے پر انخلا کی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
کولمبیا کے مغربی علاقے میں ریکٹر اسکیل پر 7.4 شدت کا ایک انتہائی طاقتور ززلہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد رہائشی اور تجارتی عمارتیں منہدم ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے اور دیگر بین الاقوامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ دارالحکومت بوگوٹا سمیت ملک کے دیگر حصوں اور ہمسایہ ممالک میں بھی زمین لرز اٹھی۔ زلزلے کے فوراً بعد شہری خوفزدہ ہو کر اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر سڑکوں پر نکل آئے اور ہر طرف افراتفری کا عالم رہا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کی وجہ سے کئی مقامات پر مکانات اور عمارتیں زمین بوس ہو چکی ہیں جبکہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور امدادی کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ اور مقامی ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے مرکز کے قریب واقع علاقوں میں مواصلاتی نظام اور بجلی کی فراہمی بھی عارضی طور پر متاثر ہوئی ہے جس سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید خوف پایا جاتا ہے اور وہ تاحال کھلے آسمان تلے یا محفوظ عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ زلزلے کے اس شدید جھٹکے نے ایک بار پھر قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی انتظامات اور عمارتوں کے تعمیراتی معیار پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق زلزلے سے ہونے والے مالی اور جانی نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور مقامی اسپتالوں میں بھی ایمرجنسیاں نافذ کر دی گئی ہیں تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔