LIVE
Loading Breaking News...

امریکی صدر ٹرمپ کا فیفا صدر گیانی انفانتینو کی حمایت کا اعلان

News Image
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا کے صدر گیانی انفانتینو کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ہٹانا ایک بھیانک غلطی ثابت ہوگی۔ دوسری جانب دنیا کے تین بڑے فٹبال کنفیڈریشنز نے انفانتینو پر اعتماد کھونے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مشکلات کا شکار فیفا کے صدر گیانی انفانتینو کو عہدے سے ہٹانا ایک بھیانک غلطی ہوگی۔ ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فٹبال کے تین اہم کنفیڈریشنز نے ایک مشترکہ کھلے خط کے ذریعے فیفا سربراہ پر شدید تنقید کی ہے اور ان پر فریب کے ذریعے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ورلڈ کپ ڈرا کی تقریب کے دوران گیانی انفانتینو نے امریکی صدر کو فیفا پیس پرائز سے نوازا تھا اور دونوں شخصیات کے درمیان اچھے تعلقات رہے ہیں۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں کہا کہ اگر کسی بھی وجہ سے فیفا نے صدر گیانی انفانتینو کو تبدیل کرنے پر غور کیا تو یہ ایک بہت بڑی غلطی ہوگی۔ انہوں نے انفانتینو کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تاریخ کا سب سے کامیاب ورلڈ کپ منعقد کرایا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق اگر وہ چلے گئے تو یہ ٹورنامنٹ کبھی اتنا کامیاب یا منافع بخش نہیں رہے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے یہ حمایت یو ایس سکر کے مؤقف کے بالکل برعکس ہے جو کہ فیفا صدر کے خلاف اٹھنے والی آوازوں میں شامل ہے۔ گیانی انفانتینو نے حال ہی میں ورلڈ کپ سمیت فیفا مقابلوں میں نجی سرمایہ کاری لانے کا ایک منصوبہ پیش کیا تھا جسے شدید تنقید اور یوئیفا کے بائیکاٹ کی دھمکی کے بعد واپس لینا پڑا۔ فیفا نے ہفتے کے روز گورننگ باڈی اور انفانتینو کو کمزور کرنے کی کوششوں کے خلاف شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔ تاہم یوروپی فٹبال ایسوسی ایشن یوئیفا، کونکا کاف اور ایشیائی فٹبال کنفیڈریشن اے ایف سی نے اپنے مشترکہ خط میں کہا کہ فٹبال میں قیادت کوئی جاگیر نہیں ہے اور نہ ہی یہ محض طاقت پر قبضہ جمانے کا نام ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ جب فریب کاری سے اعتماد ٹوٹتا ہے تو وہ ذمہ داری ختم ہو جاتی ہے۔ فیفا کے آئندہ انتخابات مارچ 2027 میں ہونے ہیں جہاں انفانتینو چوتھی اور آخری مدت کے لیے انتخاب لڑ سکتے ہیں۔ امیدواروں کے نام 18 نومبر تک سامنے آنے ہیں جبکہ کونکاکاف کے صدر وکٹر مونٹاگلیانی کو ان کے ممکنہ حریف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ افریقی فٹبال کنفیڈریشن اور جنوبی امریکہ کی باڈی کونمبول کی جانب سے تاحال انفانتینو کو حمایت حاصل ہے لیکن آنے والے دنوں میں فیفا کی سیاست میں مزید ہلچل دیکھنے کو مل سکتی ہے۔