Pakistan
جماعت اسلامی کا شبر زیدی کے خلاف ایک ارب روپے کا ہرجانے کا دعویٰ
جماعت اسلامی نے عوامی احتجاج کو دبانے اور فنڈنگ کے سنگین الزامات پر سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔ نوٹس میں ایک ارب روپے کے ہرجانے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزامات کے حق میں دستویزی ثبوت طلب کیے گئے ہیں۔
جماعت اسلامی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سابق چیئرمین شبر زیدی کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس جاری کر دیا ہے۔ یہ قانونی نوٹس پارٹی کے کراچی کے جنرل سیکریٹری توفیق الدین صدیقی کی ہدایت پر ایڈووکیٹ طاہر اقبال ملک کے توسط سے ارسال کیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ نوٹس شبر زیدی کی طرف سے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر دیے گئے بیانات کی بنیاد پر بھیجا گیا ہے جن میں جماعت اسلامی پر سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ شبر زیدی نے اپنے ان بیانات میں جماعت اسلامی پر عوامی مسائل اور احتجاج کو کمزور کرنے اور اسے مبینہ طور پر اسٹیبلشمنٹ کی فائر وال قرار دینے جیسے الزامات لگائے تھے۔ قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق چیئرمین ایف بی آر کے یہ بیانات پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں جن میں خفیہ فنڈنگ، رشوت ستانی، سیاسی دھوکہ دہی اور قومی مفاد سے غداری جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ اس قسم کی بے بنیاد باتیں کرنے سے سیاسی کلچر خراب ہوتا ہے اور سیاسی جماعتوں پر عوام کا اعتماد مجروح کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
جماعت اسلامی نے اپنے قانونی نوٹس کے ذریعے شبر زیدی کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے الزامات کے حق میں مکمل اور ناقابل تردید شواہد پیش کریں۔ ان شواہد میں مبینہ رقم کی ادائیگی کرنے والے اور وصول کرنے والا شخص، رقم کی مالیت، ادائیگی کی تاریخ، وقت اور مقام، ادائیگی کا طریقہ کار، متعلقہ بینک اکاؤنٹ، اور اس تمام عمل کے گواہوں کی تفصیلات شامل ہونی چاہئیں۔ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ اگر شبر زیدی اپنے دعووں کے حق میں ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق مزید سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
دوسری جانب جب اس معاملے پر سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں موصول ہونے والا قانونی نوٹس قانونی مشاورت کے لیے اپنے وکیل کو بھجوا دیا گیا ہے۔ شبر زیدی کے مطابق اس معاملے میں قانون کے مطابق ہی آگے بڑھا جائے گا۔ سیاسی حلقوں میں اس قانونی نوٹس کو ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جہاں دونوں فریقین کے درمیان قانونی جنگ کے آغاز کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔