Pakistan
پاکستان کے بین الاقوامی معاہدے اور عالمی تجارتی معیارات
پاکستان نے دنیا بھر میں تجارت، محنت اور ماحولیات سے متعلق ڈیڑھ سو سے زائد بین الاقوامی معاہدوں اور کنونشنز کی توثیق کی ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجز اور وسائل کی کمی کے باوجود، عالمی معیارات سے ہم آہنگی کا یہ سفر پاکستان کی طویل مدتی ترقی اور خود مختار فیصلوں کا عکاس ہے۔
بین الاقوامی معیارات کو اکثر ایک جدید ایجاد سمجھا جاتا ہے لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کے قیام سے بھی پہلے کئی ادارے اور معیارات موجود تھے جن کا مقصد عالمی معیشت اور حکمرانی کو بہتر بنانا تھا۔ دنیا بھر کے ممالک نے اپنی گورنس کو مضبوط بنانے، عالمی سطح پر ساکھ پیدا کرنے اور عالمی معیشت کا حصہ بننے کے لیے ان معیارات کو طویل عرصے سے استعمال کیا ہے۔ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے دہائیوں قبل رضاکارانہ طور پر متعدد بین الاقوامی معاہدوں اور کنونشنز میں شمولیت اختیار کی۔ ان وعدوں کو پاکستان نے اپنے آئین، قومی قوانین اور ریگولیٹری فریم ورک کا حصہ بنایا ہے جن میں بنیادی حقوق، مزدوروں کے تحفظ اور ماحولیاتی گورننس سے متعلق ضمانتیں شامل ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کسی بھی بین الاقوامی معاہدے کا حصہ بننا ایک خودمختار اور رضاکارانہ فیصلہ ہوتا ہے اور پاکستان نے یہ ذمہ داریاں اپنی طویل مدتی ترقیاتی ترجیحات کے پیش نظر قبول کیں۔ آج پاکستان گورننس، تجارت، مزدوروں کے حقوق، انسانی حقوق، ماحولیاتی تحفظ اور سمندری امور سے جڑے ڈیڑھ سو سے زائد اہم بین الاقوامی معاہدوں، کنونشنز اور پروٹوکولز کا فریق ہے۔ یہ وابستگیاں صرف علامتی نہیں ہیں بلکہ مارکیٹ تک رسائی کو مضبوط بناتی ہیں، بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرتی ہیں اور عالمی خریداروں کو پاکستانی ریگولیٹری نظام کی ساکھ کا یقین دلاتی ہیں۔ مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے پاکستان کا ریکارڈ بھی قابل ذکر ہے۔ ملک نے آئی ایل او کے 38 کنونشنز اور ایک پروٹوکول کی توثیق کی ہے جن میں جبری مشقت کے خاتمے، کم از کم کام کرنے کی عمر، تنظیم سازی کی آزادی اور بچوں کی مشقت کا خاتمہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان نے ماحولیات سے جڑے پندرہ اہم کثیر الجہتی ماحولیاتی معاہدوں پر بھی دستخط کر رکھے ہیں جو موسمیاتی تبدیلی، بائیو ڈائیورسٹی اور خطرناک کیمیکلز کے انتظام سے متعلق ہیں۔ اس تمام تر فریم ورک کو چلانے کے لیے پاکستان میں آئینی ترامیم کے ذریعے وفاقی اور صوبائی سطح پر ایک مؤثر نظام تشکیل دیا گیا ہے تاکہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کو مقامی قوانین کے مطابق ڈھالا جا سکے۔ تمام تر چیلنجز، سیکیورٹی خدشات اور وسائل کی کمی کے باوجود، پاکستان نے مسلسل عالمی توقعات کے مطابق اپنے نظام کو اپ ڈیٹ کرنے کی کوشش کی ہے۔ حال ہی میں عالمی سطح پر جبری مشقت کے تدارک کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے تناظر میں بھی پاکستان نے بروقت اپنی درآمدی پالیسی میں تبدیلیاں کیں تاکہ ایسے سامان کی درآمد کو روکا جا سکے جو جبری مشقت کے ذریعے تیار کیا گیا ہو۔ یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان عالمی معیارات کی پاسداری اور بین الاقوامی تجارت میں ایک ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔