Pakistan
راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں قومی اقلیتوں کا دن منایا گیا
راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں قومی اقلیتوں کے دن کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ملک میں اقلیتوں کے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں قومی اقلیتوں کے دن کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں طلباء، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا بنیادی مقصد پاکستان میں اقلیتوں کے کردار کو اجاگر کرنا اور ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق پاکستان میں تمام اقلیتیں برابر کی شہری ہیں اور انہیں مکمل مذہبی و سماجی آزادی حاصل ہے۔
تقریب کے دوران اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ ریاست پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کا کردار انتہائی اہم ہے اور تمام شہریوں کو بلا امتیاز رنگ، نسل اور مذہب مساوی حقوق فراہم کرنا آئینی ذمہ داری ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، سلامتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔