LIVE
Loading Breaking News...

جنوبی افریقہ میں فائرنگ سے چار پاکستانی جاں بحق، پولیس کی تحقیقات جاری

News Image
جنوبی افریقہ کے صوبے گوتنگ میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے چار افراد جاں بحق ہوگئے جن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ پاکستانی نژاد تھے۔ واقعے کے بعد پنجاب کی وزيراعلیٰ مریم نواز اور پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن نے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے شہر کیمپٹن پارک میں ہفتے کی شام پیش آنے والے ایک اندوہناک واقعے میں چار افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ صوبہ گوتنگ کے علاقے میں پیش آیا جہاں تمام مقتولین دکان دار بتائے جاتے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین کی ہنڈا کار جب ایک سرخ اشارے پر رکی تو ایک سفید رنگ کی گاڑی میں سوار دو نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور نے گاڑی بھاگانے کی کوشش کی لیکن وہ قابو سے باہر ہو کر ایک ٹریفک آئی لینڈ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں تمام افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ گوتنگ پولیس کی ترجمان کرنل دماکستو نیوھوھولوی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے قتل کے مقدمات درج کر کے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقتولین غیر ملکی ہیں لیکن فی الحال ان کی شہریت کی سرکاری طور پر حتمی تصدیق نہیں کی جا سکی جبکہ حملہ آور تاحال مفرور ہیں۔ اس المناک واقعے کے بعد پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے جنوبی افریقہ میں چار پاکستانی شہریوں کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے سوگوار خاندانوں سے ہمدری کا اظہار کیا اور اس مشکل گھری میں انہیں صبرِ جمیل دینے کی دعا کی۔ دوسری جانب پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے صدر حیات خان نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افراد روزگار کے سلسلے میں جنوبی افریقہ مقیم تھے اور ان کا اس طرح قتل کیا جانا انتہائی دلخراش ہے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اندوہناک واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔ دریں اثنا، جنوبی افریقہ کے صدر سیرل راماموسا نے بھی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں غیر ملکیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات اور جذبات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی افریقہ کی حکومت غیر ملکیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی غنڈہ گردی، دھمکی یا تشدد کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی اور مجرموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جنوبی افریقہ میں پاکستانی شہریوں پر حملوں کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔